نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے خود مختار مساوات اور باہمی عزت کی بنیاد پر پرامن تعلقات اور اچھی ہمسائیگی کا خواہاں ہے،دونوں ممالک کے حق میں امن کا بہترین راستہ سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان جوش وجذبے سے منایا گیا، پاکستانی ہائی کمیشن میں دن کا آغاز پاکستانی پرچم لہرانے سے ہوا ،
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے یوم پاکستان پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستانی ہائی کمیشن اسکول کے طلبا نے قومی نغمے گائے اور تشکیل پاکستان پر ٹیبلو بھی پیش کئے۔بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے پاک بھارت کے مابین مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل تلاش کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان بھارت سے خودمختار مساوات اور باہمی عزت کی بنیاد پر پرامن تعلقات اور اچھی ہمسائیگی کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے حق میں امن کا بہترین راستہ سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب سے خطاب میں شدت پسندی اور دہشت گردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر پاکستانی ہائی کمشنر کی بیگم مہوش سہیل نے طلبا میں تحائف بھی تقسیم کیے ۔