اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب اور حوثی باغیوں میں جنگ بندی کیلئے یمن میں خفیہ مذاکرات کا انکشاف، مذاکرات کا ایک دور مکمل ہو چکا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کیلئےیمن میں خفیہ مذاکرات جاری ہیں اور اس سلسلے میں اطلاعات ہیں کہ جنگ بندی کیلئے دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا ایک دور مکمل بھی ہو چکا ہے۔
مذاکرات سعودی سفارتکار اور حوثی باغیوں کے ترجمان عبدالسلام کے درمیان یمن میں ہوئے۔ سفارتی ذرائع نے دونوں فریقین میں مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین نے یمن میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے ایک پائیدار حل کی تلاش کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہےاور اس حوالے سے دونوں فریقین پر اعتماد نظر آرہے ہیں۔دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے نے مذاکرات کی تو تصدیق کی ہے تاہم اپنی رپورٹ میں اس کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر حوثی باغیوں کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سعودی حکام نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یمن میں جاری مذاکرات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے یمن کے مسئلے کے پر امن حل ڈھونڈنے کے عندیہ کے بعد شروع ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یمن میں جاری جنگ عنقریب اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی اور پرامن حل ڈھونڈ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ یمن میں تین سال سے جاری خانہ جنگی اور اسکے بعد سعودی عرب کے زیر سایہ اسلامی اتحاد کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کئے جا چکے ہیں۔