واشنگٹن(سی پی پی )اسامہ بن لادن کی کھوج میں اپنی زندگی وقف کرنے والے متنازع ایف بی آئی ایجنٹ جون او نیل کی المناک کہانی امریکی ٹی وی شو دی لومنگ ٹاور پر پیش کی جارہی ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسامہ بن لادن کی تلاش میں ناکامی کے بعد جون او نیل 2001 میں متنازع حالات میں ایف بی آئی چھوڑ گئے تھے،جس کے بعد انہوں نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے سکیورٹی امور کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی اور
وہیں نائن الیون حملے میں مارے گئے۔امریکی ٹی وی شو کی کہانی 2006 میں چھپنے والی کتاب “دی لومنگ ٹاور- القاعدہ اینڈ دی روڈ ٹو نائن الیون” پر مبنی ہے، جس کے مصنف لارنس رائٹ کو صحافت اور ادب کے معتبر امریکی اعزاز Pulitzer پرائز سے نوازا گیا۔ٹی وی شو میں امریکی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی کی نشاندہی کی گئی ہے،جس نے نائن الیون سانحہ کو کامیاب بنایا،جون او نیل کا کردار مشہور امریکی اداکار جیف ڈینیلز ادا کررہے ہیں۔