اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پر افغانستان میں مداخلت اور عدم استحکام کا الزام لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، افغانستان کی تاریخ گواہ ہے وہاں طاقت سے کام نہیں چلے گا، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں پاکستان میں تلاش
کرنے والے حقائق کا جائزہ لیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی، منشیات سے آمدن ، دہشتگردوں کو بیرونی مدد کی ضرورت نہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھارت اور امریکہ کو کرارا جواب دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کی جانب سےپاکستان پرافغانستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے بے بنیاد الزام کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی بات کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور ہمارے ملک میں تخریب کاری کا اپنا ریکارڈ دیکھیں جس کا کھلا ثبوت کلبھوشن یادیو ہے۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ وہاں طاقت سے کام نہیں چلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغان اور امریکی حکومت الزام تراشی کے بجائے افغانستان کو درپیش چیلنجز پر توجہ دیں۔ دہشتگردوں کی افغانستان سے باہر پناہ گاہیں تلاش کرنے والے حقائق کا جائزہ لیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی، منشیات سے آمدن جیسی سہولیات کی بدولت دہشتگردوں کو بیرونی مدد کی ضرورت نہیں۔