عمان(مانیٹرنگ ڈیسک) اردن کے شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف انوکھے احتجاج کی تجویز پیش کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اردن کے شہریوں نے تجویز پیش کی ہے کہ دارالحکومت عمان میں جس سڑک پر امریکی سفارتخانہ واقع ہے اس سڑک کا نام تبدیل کر کے ’عرب یروشلم سٹریٹ‘ رکھ دیا جائے۔یہ تجویز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر شروع کی گئی ہے۔اس وقت عمان میں جس سڑک پر امریکی سفارتخانہ واقع ہے اس کا نام ’شارع الامویین ہے۔سوشل میڈیا پر
تجویز دینے والوں کا کہنا تھا کہ سڑک کا نام ’القدس عربیہ‘ میں تبدیل کرنے سے امریکی سفارتخانے کو مجبوراً ’القدس عربیہ‘ لکھنا پڑے گا۔مصر کے سیاسی کارکن خالد داؤد کا کہنا تھا کہ انھوں نے مصر کی مختلف سیاسی جماعتوں کو یہ تجویز دی ہے اور ان کے خیال میں یہ سیاسی جماعتیں قرارداد تیار کریں گی کہ قاہرہ میں قصر الدوبارہ سڑک کا نام تبدیل کیا جائے۔سوشل میڈیا پر جاری اس مہم کے دوران اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ پیغام پہنچانے کے لیے سڑک کا نام تبدیل کرنا عرب دنیا میں انوکھا طریقہ نہیں ہے۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصلیٹ ’فلسطین سٹریٹ‘ پر واقع ہے۔