قاہرہ(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف عالمی اتفاق رائے کو سراہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس کے بارے میں اپنا فیصلہ واپس لے اور فلسطینیوں
کو ان کا جائزہ حق خود ارادیت دلانے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کرے۔عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے بیروت میں 2002ء میں منعقدہ عرب سربراہ اجلاس میں پیش کردہ ’’عرب امن اقدام‘‘ تمام بحرانوں کے حل کے لیے ایک نقشہ راہ ( روڈ میپ) فراہم کرتا ہے۔انھوں نے عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ کے اس دیرینہ تنازع کے جامع اور منصفانہ حل کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔