اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خانہ کعبہ کے فرش پر پھیلے خون کی ایک تصویر کی حقیقت کیا ہے، تفصیلات کے مطابق کچھ دن پہلے خانہ کعبہ شریف کے فرش پر پھیلے خون کی ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رکھا تھا، اس تصویر کے بارے میں مختلف لوگوں کی اپنی اپنی رائے تھی مگر اب اس کی حقیقت سامنے آ گئی ہے سعودی عرب کی سپیشل فورسز نے اس تصویر کی حقیقت بتاتے ہوئے تردید کی کہ خانہ کعبہ کے سامنے کوئی حادثہ نہیں ہوا ہے۔ ان کے اس تردیدی بیان سے اس تصویر کے بارے میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند
دن پہلے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں خانہ کعبہ کے سامنے فرش پر خون پھیلا ہوا دکھایا گیا، اس تصویر کی پوسٹ کے بعد پیغام دیا گیا کہ یہ تصویر ایک حادثے کی ہے جو خانہ کعبہ کے سامنے پیش آیا، اس کے جواب میں سعودی سپیشل فورسز کے ترجمان سمیع ال سلیمی نے کہا کہ یہ کوئی نئی تصویر نہیں ہے بلکہ یہ پرانی تصویر ہے اور یہ تصویر اس وقت لی گئی جب ایک افریقی مسلمان طواف کے دوران گر گیا تھا اس دوران وہ بھیڑ کی وجہ سے شدید زخمی ہو گیا تھا، اس زخمی شخص کو طبی امداد وہیں پر پہنچائی گئی اس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔