نئی دہلی (این این آئی)پاکستان سے بھارت جانے والی لڑکی گیتا اب تک اپنے والدین سے نہ مل سکی جس کے باعث بھارتی وزیر خارجہ سْشما سوراج نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیتا کو اْس کے خاندان سے ملانے میں مدد کریں۔بھارتی شہر اندور میں گیتا کے ساتھ سشما سوراج نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا جس میں وہ گیتا کے والدین، رشتہ داروں سے اپیل کر رہی ہیں کہ آیئے اپنی بیٹی کو لے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جو شخص گیتا کو اس کے خاندان سے ملانے میں مدد کر یگا اسے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔سشما سوراج نے کہا کہ 2015 میں پاکستان سے لوٹنے کے بعد گیتا
بھارتی شہر اندور میں رہائش پزیر ہیں۔گونگی اور بہری گیتا نے کمپیوٹر چلانا سیکھ لیا ہے تاہم اپنے والدین سے ملنے کے لیے پریشان رہتی ہیں۔خیال رہے کہ 2015 میں سماعت اور قوت گویائی سے محروم ہندوستانی لڑکی گیتا کئی سال پاکستان کے ایدھی فاؤنڈیشن میں قیام کرنے کے بعد بھارت واپس گئی تھیں۔گیتا غلطی سے ٹرین کے ذریعے پاکستان آگئی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان رینجرز نے 2003 میں سرحد عبور کر کے لاہور پہنچنے والی ایک 11 سالہ لڑکی کو تحویل میں لیا تھا جس کے بعد اسے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیاجہاں بلقیس ایدھی نے اسے گیتا کا نام دیا۔