تہران ( آئی این پی)پاکستان اور ایران کی مسلح افواج کے سربراہان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے بحران کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔اتوار کو ایران کی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے بحران کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے مسلح افواج کے سربراہان نے میانمار کے بے گھر ہونے والے افراد کی امداد کیلئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے مسلم دنیا سے کہا کہ وہ نامناسب اور غیر انسانی صورتحال کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کو بڑھائے ۔دونوں نے میانمار کے مسلمانوں کیلئے اسلامی ممالک کی جانب سے تمام فوجی اور شہری تنظیموں کی مدد سے امدادی اور انسانی امداد کو استعمال کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔