ینگون /ڈھاکہ (آئی این پی )عالمی کوششوں کے باوجود میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، فوج اور بدھ بھکشوں نے مزید متعدد گاؤں کو آگ لگا کر متعدد مسلمانوں کو زندہ جلادیا ،6 روز میں 20 ہزار سے زائد زخمی اور بیمار مسلمان بنگلادیش میں داخل ہوچکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق میانمار میں دو روز پہلے بدھ بھکشوں نے مسلمانوں کے متعدد گاؤں کو آگ لگا کو بچوں اور خواتین کو زندہ جلادیا۔ مسلمانوں کے خلاف بدھ بھکشوں کی مہم چند برسوں جاری ہے
لیکن گذشتہ سال سے فوج نے بھی منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کو مارنا شروع کردیا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔اقوام متحدہ کے ایلچی اور امریکی حکام کے اپیلوں اور حکام سے ملاقاتوں کے باوجود مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ ہزاروں مسلمان ملک سے نکلنے کی کوشش میں کوسٹ گارڈز کے مظالم سے سمندر کی نذر ہوچکے ہیں۔ گذشتہ چھ روز سے لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلادیش کی سرحد پر موجود ہیں۔ بنگلادیشی فوج نے صرف بیس ہزار زخمی اور بیمار مسلمانوں کو داخلے کی اجازت دی باقی ماندہ لاکھوں سرحدوں پر بے یار مددگار بیٹھے ہیں۔