اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سمندری طوفان ہاروے نے امریکہ میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے یہ سمندری طوفان امریکی ریاست ٹیکساس سے ٹکرانے والا ہے اس کے پیش نظر امریکہ نے اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے ساتھ ساتھ اپنی کلائی پر سوشل سکیورٹی نمبر لکھنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام کی طرف
سے شہریوں کو بازوؤں پر سوشل سکیورٹی نمبر اس لیے لکھنے کی ہدایت کی ہے کہ اگر طوفان میں ان کی موت واقع ہو جاتی ہے تو ان کو سوشل سکیورٹی نمبر کے ذریعے آسانی سے پہچانا جا سکے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ہاروے طوفان سمندر میں 210کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹیکساس کی طرف بڑھ رہا ہے اور کسی بھی وقت زمین پر موجود بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اس طوفان کے بارے میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ ہاروے طوفان کی وجہ سے پانی کی 13فٹ بلند لہریں آبادیوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق یہ بلند سمندری لہریں زمین پر 100میل کے رقبے پر تباہی پھیلا سکتی ہیں۔ حکام کا کہناہے کہ ٹیکساس گلف کوسٹ پر موجود آئل ریفائنریز اور کیمیکل پلانٹس اس طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں، ہاروے طوفان کی شدت میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ اسے کیٹیگری 4کا طوفان قرار دیا گیا ہے۔ اس طوفان کی وجہ سے ٹیکساس کے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ ماہرین نے ہاروے طوفان کو 10 سال کا سب سے خطرناک طوفان قرار دیا ہے، ریاست ٹیکساس سے ہزاروں افراد کا انخلاء ہو چکا ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں جانورں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔