اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹرمپ انتظامیہ ممالک میں مداخلت کی پالیسی بند کرے، پاکستان کے خلاف امریکی حکمت عملی، چین اور روس کے بعد ایران بھی میدان میں آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران نے پاکستان کے خلاف امریکی انتظامیہ کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ممالک میں مداخلت کی پالیسی بند کردے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ علاقائی ممالک کے معاملات میں مداخلت بند کرکے ان کے فیصلے خود کرنے کا سلسلہ ختم کردے ،امریکہ خطے خصوصاً افغانستان میں اپنی غلط اور بے وقت پالیسیوں کے نتائج پر دوسرے ملکوں کو موردالزام ٹھہرارہا ہے۔قاسمی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی مفاد پر مبنی حکمت عملیوں اور غلط اقدامات کی بدولت خطہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے اور دہشتگردی اور انتہاپسندی کو اس امریکی روئیے سے مدد مل رہی ہے۔