نجامینا (این این آئی)افریقی مسلم ملک چاڈ نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے، دارالحکومت نجامینا میں اس کا سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے سفارت کاروں کو دس روز میں ملک سے چلے جانے کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چاڈ نے قطر پر خود کو لیبیا کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔اس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ قطری ریاست کی جانب سے لیبیا
سے چاڈ کو مسلسل عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے بعد حکومت نے اس کا سفارت خانہ بند کرنے ، قطری سفیر اور سفارت کاروں کو اپنے قومی علاقے سے چلتا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان کے مطابق قطری سفارت کاروں کو ملک سے چلے جانے کے لیے دس دن کا وقت دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن وسلامتی کے تحفظ کے لیے چاڈ قطر پر یہ زور دیتا ہے کہ وہ ایسے تمام اقدامات اور کارروائیوں سے دستبردار ہوجائے جو اس ملک اور ساحل کے دوسرے ممالک کی سلامتی کے لیے خطرات کا موجب ہوسکتے ہیں۔