بیجنگ(این این آئی)چین نے کہا ہے کہ ہمیں افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔چینی میڈیا کے مطابق چین کے سٹیٹ قونصلرینگ جائی چی نے گزشتہ روز امریکی سیکرٹری خارجہ ریکس ٹیلرسن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اورافغانستان کے مسئلے سے متعلق امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سٹیٹ قونصلرینگ جائی چی نے امریکی وزیرخارجہ کو بتایا کہ ہمیں افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی داخلی خودمختاری کویقینی بنانے اوراس کی سلامتی سے متعلق تحفظات پر بھی توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ امریکا اورچین کے درمیان مختلف ایشوز پر روابط قائم ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ رہاہے۔دونوں رہمناوں نے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ینگ جائی چی نے کہاکہ افغانستان کا مسئلہ سیاسی طور پر حل ہوگا اور چین افغانستان میں امن اورمفاہمت کے عمل میں تعاون فراہم کرنے کیلئے تیارہے۔