بیجنگ (آئی این پی )چین کی غربت مٹاؤ فاؤنڈیشن (سی ایف پی اے ) پاکستان میں رفاہی نوعیت کے منصوبے شروع کرنے پر تیار ہے۔ یہ بات سی ایف پی اے کی پروگرام آفیسر آنسہ وانگ لی نے پاکستانی سفارتخانے کے ایک سینئر افسر شوزب عباس کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران کہی ۔بیرون ملک سی ایف پی اے کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے خاتون پروگرام افسر نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی بعض علاقائی ممالک میں طویل المیعاد پروگرام شروع کئے ہیں
جن میں انسانی ہمدردی کے کام کا فوری جواب دیا گیا ہے ، انسانی ہمدرد ی کے کام میں زلزلے کے بعد تعمیر نو کے منصوبے ، ہسپتال اور زچہ و بچہ مرکز صحت نظام مسکراتے بچوں کے سکول فیڈنگ پراجیکٹ شامل ہیں ۔آنسہ وانگ لی نے کہا کہ چونکہ پاکستان چین کا دیرینہ دوست ہے اور چین کے بیلٹ و روڈ منصوبے پر عمل بھی کررہاہے لہذا سی ایف پی اے کے لئے یہ موزوں وقت ہو گا کہ وہاں پر منصوبے شروع کر نے پر غور کیا جائے ۔