نیویارک (آئی این پی )امریکہ کے سب سے بڑے تجارتی شہر اور ملک کے ‘اقتصادی دارالحکومت’ نیو یارک میں چوہوں کے خلاف جدوجہد کے لئے 32 ملین ڈالر کا بجٹ مختص کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلدیہ نے جاری کردہ اعلان میں کہا ہے کہاندازے کے مطابق تقریبا 8.5 ملین آبادی والے شہر نیویارک میں 2 ملین کے قریب چوہے پائے جاتے ہیں اور بلدیہ پہلے مرحلے میں اس تعداد کو 70 فیصد کی شرح تک کم کرنے کا پروگرام رکھتی ہے۔بلدیہ مئیر بِل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ
“ہم نیویارک میں چوہوں کو زندگی کے معمول کے طور پر قبول نہیں کرسکتے”۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ماہِ ستمبر میں چوہوں کے مقابل پائیدار سولر کمپیکٹر لگائے جائیں گے اور تاروں سے بنی ہوئی کوڑے کی ٹوکریوں کو اسٹیل کے ڈبوں سے تبدیل کر دیا جائے گا۔اس دوران نیو یارک کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق رواں سال کے آغاز سے لے کر اب تک چوہوں کے بارے میں 10 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔