کابل(آئی این پی)افغانستان میں ایک مقامی کمانڈو نے فائرنگ کر کے2 امریکی فوجیوں کو ہلاک جبکہ2 کو زخمی کر دیا،جوابی کاروائی میں حملہ آور کو ہلا ک کردیا گیا ،دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور عسکریت گروپ کا رکن تھا اور اس نے 4 امریکیوں کو ہلاک اور کئی ایک کو زخمی کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ملک کے مشرقی حصے میں 2 امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک افغان کمانڈو نے ان پر فائرنگ کر دی۔فائرنگ کا یہ و اقعہ ضلع آچن میں پیش آیا جہاں امریکی سپیشل فورسز افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر داعش اور افغان طالبان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ حملہ آور کمانڈو بھی اس واقعہ میں ہلاک ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کیوں کی گئی۔ اس بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔کابل میں امریکی فوجی کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں یہ خبر مل گئی ہے لیکن ابھی ہم اس کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔طالبان کے ترجمان ذبح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حملہ آور عسکریت گروپ کا رکن تھا اور اس نے 4 امریکیوں کو ہلاک اور کئی ایک کو زخمی کیا۔ افغانستان میں اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں۔