ریاض(این این آئی)سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اْس بیان کا خیر مقدم کیا گیا ہے جس میں انہوں نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے لیے مالی رقوم کی فراہمی روک دے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں سعودی عرب کے ایک ذمے دار ذریعے نے ٹرمپ کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ اب اختیاری نہیں بلکہ لازمی بن چکی ہے جس کی پاسداری جلد اور پْرعزم اقدامات کا تقاضہ کرتی ہے۔ اس کا مقصد دہشت گردی کے لیے مالی رقوم کے ہر ذریعے کی جڑ کاٹ دینا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی امریکی صدر کی جانب سے قطر سے کیے جانے والے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے۔امریکا میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک باور کراتا ہے کہ قطر پر لازم ہے کہ وہ اپنی علاقائی پالیسی کا جائزہ لے اور اس پر نظرِ ثانی کرے۔العتیبہ کی نے ایک بیان میں مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات ٹرمپ کے زیر قیادت قطر کی اْس پریشان کْن سپورٹ کا مقابلہ کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے جو دوحہ شدت پسندی کے لیے پیش کر رہا ہے.. قطر کو چاہیے کہ وہ ان اندیشوں کا ادراک کرے کیوں کہ یہ کسی بھی بات چیت کے لیے بنیادی امر ہے۔