مکہ مکرمہ(این این آئی ) رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے لئے آنے والوں کی کثیر تعدادکے پیش نظر مسجدالحرام کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ طواف کے لئے مختص صحن (مطاف)میں نوافل ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اس جگہ پر باجماعت فرض نمازوں کی ادائیگی بدستور جاری رہے گی ۔ علاوہ ازیں یہاں افطاری کا سامان لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی تاکہ عمرہ کرنے والے کسی مشکل کے بغیر کعبہ
کا طواف کر سکیں۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے اس سلسلے میں باقاعدہ احکامات جار ی کر دیئے ہیں ۔ دریں اثنا رمضان المبارک کے دوران پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لئے مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں مسجد الحرام کے گردو نواح میں گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ مکہ کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے شہر میں نو مقامات مختص کر دیئے ہیں ۔