گوا (آ ئی این پی )بھارت کی مغربی ریاست گوا میں پیدل چلنے والوں کے لیے مختص پل گرنے سے کئی افراد لاپتہ ہو گئے ، دولاشیں نکال لی گئیں ، پل 60 برس پرانا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گوا کے جنوبی علاقے کراکرم کے پاس دریائے سنوردمپر قائم پل پر سے ایک نوجوان نے چھلانگ لگا کر خود کشی کی تھی، واقعے کے بعد ریسکیو کے عملے نے اس کی لاش کی تلاش کے کام کا آغاز کیا۔اس دوران شہریوں کی بڑی تعداد پل پر یہ مناظر دیکھنے کیلئے پہنچی
دریا کے پل کا ایک حصہ ہجوم کا وزن برداشت نہ کرسکا اور گرگیا جس کے نتیجے میں اس پر موجود کئی افراد دریا میں جا گرے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچا اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ۔ ریسکیو کے عملے نے دو لاشوں کو دریا سے نکالا جبکہ متعدد افراد کو زندہ بچا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے میں 30 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور آخری خبریں آنے تک ان کی تلاش کا کام جاری تھا۔