اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کئی روز سے شارجہ میں سوشل میڈیا پر افواہیں گردش میں تھیں کہ شہر میں خطرناک نائیٹریٹس پر مشتمل تربوز فروخت ہورہے ہیں جس سے پوائزننگ کا خطرہ ہے۔ شارجہ میونسپلٹی کے ہیلتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ شیخا شتھا المعلیٰ نے ان افواہوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر زہرآلود اور کیمیکل شدہ پھل خصوصاً تربوز فروخت ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شارجہ مارکیٹس میں فروخت ہونے والےپھل خصوصاً تربوز مضر صحت نہیں بلکہ کھانے کے قابل ہیں۔ اس کی جانچ پڑتال کرنے کے لئے لیبارٹری میں ٹیسٹ کیے گئے جس سے نشاندہی کی گئی کہ تربوز میں کسی قسم کا کیمیکل موجود نہیں ہے۔ میونسپلٹی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کے کئی نمونہ جات کے ٹیسٹ کیے ہیں جس سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ ان افواہوں میں کوئی دم نہیں۔