تہران (آئی این پی)ایران کے شمال مشرقی صوبے خراسان میں 5.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 400 زخمی ہوگئے جبکہ 40فیصد مکانوں کو نقصان پہنچا،متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے شمال مشرقی صوبے
خراسان میں گزشتہ روز شام کے وقت 5.7کی شدت سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے میں 2 افراد ہلاک اور 400 زخمی ہو گئے ۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے لئے اپنے بیان میں خراسان یونیورسٹی کی طب فیکلٹی کے شعبہ ہنگامی حالات کے سربراہ تقی دولت آبادی نے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے 223 کو فوری طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 177 زخمی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔تقی دولت آبادی نے کہا کہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔اطلاع کے مطابق زلزلہ شام 10 بجکر 30 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز ایران کے شمالی صوبے خراسان کی تحصیل پیش قلعے میں زیر زمین 11 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ 58 سیکنڈ تک جاری رہا۔