ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے یمن سے سعودی عرب میں اسلحہ کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی سازش ناکام بناتے ہوئے اسمگل شدہ اسلحہ قبضے میں لے لیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کی سرحد سے متصل جازان کے علاقے میں ففوج کی المجاھدین ایڈمنسٹریشن فورس کے ترجمان خالد قزیز نے بتایا کہ حکام نے
خفیہ معلومات کی روشنی میں ایک مشکوک مقام پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔خالد القزیز کاکہنا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی تھیں کہ یمن سے سعودی عرب میں اسلحہ کی اسمگلنگ کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام نے وادی ضمد میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں آتشیں اسلحہ اور گولہ و بارود قبضے میں لے لیا ۔ان کا کہنا تھا کہ تخریب کار عناصر کمین گاہوں اور سرنگوں کی آڑ لے کرسعودی عرب میں اسلحہ کی اسمگلنگ کی کوشش کررہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مشتبہ اسلحہ اسمگلروں کے خلاف کارروائی کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ فرار میں کامیاب ہوگئے۔ قبضے میں لیے گئے اسلحہ میں 100 پستول، اتنی تعداد میں میگزین، اور 2969 پستول کی گولیاں شامل ہیں۔