نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ نیلیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کے خلاف چلائی جانے والے مقدمے کی کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اس مقدمے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں چلانے کا مطالبہ کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے ایک بیٹے سیف الاسلام قذافی کے خلاف طرابلس کی ایک عدالت میں چلائے جانے والے مقدمے کی کارروائی غیر منصفانہ تھی اس لیے اس مقدمے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں چلایا جائے۔
طرابلس کی عدالت نے سیف الاسلام کی غیر موجودگی میں چلائے جانے والے اس مقدمے میں اسے جولائی 2015 میں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر مظاہرین کے قتل اور جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ معمر القذافی کی حکومت کے خاتمے اور ان کی ہلاکت کے بعد سیف الاسلام کو زنتان کے علاقے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ قذافی حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے زنتانی گروپ نے سیف الاسلام کو یہ کہہ کر طرابلس کے حوالے سے انکار کر دیا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ سیف الاسلام وہاں سے فرار ہو سکتا ہے۔