اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو امریکا کے حوالے کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ روس اسنوڈن کو بطور تحفہ صدرٹرمپ کے حوالے کرے گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس سنوڈن کو بطور تحفہ صدر ٹرمپ کے حوالے کرنے پر غور کررہا ہے۔اسنوڈن نے امریکی جاسوسی پروگرام سے متعلق انکشافات کئے تھے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایڈورڈ سنوڈن کوغدار قرار دیتے ہوئے اس کے لئے سزا موت تجویز کرنے کا کہا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ٹی وی نے روسی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن سمجھتے ہیں کہ ایڈورڈ سناؤڈن کو امریکہ کے حوالے کرکے ڈونلڈ ٹرمپ پر مزید اچھا تاثر قائم کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے گذشتہ ماہ روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق امریکی خفیہ اہل کار ایڈورڈ سنوڈن کے رہائشی اجازت نامے میں توسیع کر دی گئی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ایک ترجمان نے اپنے فیس بک پیغام میں کہا کہ اسنوڈن اگلے ’چند برسوں‘ تک روس ہی میں رہیں گے۔واضح رہے کہ امریکی خفیہ ادارے این ایس اے کی جانب سے مختلف ممالک اور افراد کی جاسوسی سے متعلق لاکھوں دستاویزات ایڈورڈ سنوڈن نے افشا کر دی تھیں اور وہ تب سے روس میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔