تہران (آئی این پی)فرانس نے تارکین وطن اور ایران سمیت سات مسلم ممالک کے شہریوں سے متعلق ا مریکی پابندی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے پابندیاں منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا اور ایرانی شہریوں کیلئے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان بھی کیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے دورہ پر تہران میں موجود فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک یورالت نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ کے دورے کے دوران ایران کے جوہری معاہدے پر یورپ اور فرانس کے ساتھ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک یورالت کا کہنا تھا فرانس ایرانی شہریوں کیلئے ویزے جاری کرنے کی مقدار میں دو گنا اضافہ کا خواہاں ہے ، فرانس کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایرانی فرانس آئیں۔انہوں نے کہا ایرانی شہریوں کیلئے ویزوں کی تعداد میں دو گنا اضافے پر رواں سال موسم گرما سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔