ریاض/صنعاء(آئی این پی)یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کے قریب سمندر میں معمول کے آبی نگرانی مشن کے دوران حوثی باغیوں کے خود کش حملے میں2 سعودی اہلکار شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوموار کی شام سعودی عرب کے بحری جنگی جہاز پر حوثی باغیوں کی تین خود کش بمبار کشتیوں نے حملے کی کوشش کی۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحری جنگی جہاز کی طرف آنے والے تین میں سے دو کشتیوں کو روک دیا گیا جب کہ بارود سے لدی ایک کشتی جہاز سے ٹکرا گئی۔
خود کش کشتی کے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک زور دار دھماکہ ہوا اور جہاز میں آگ لگ گئی۔ عملے نے فوری کارروائی کرکے جہاز میں لگی آگ پر قابو پالیا تاہم دھماکے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوعلاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی بحری جہاز کو اس وقت خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ سمندر میں معمول کی مانیٹرنگ کرہا تھا۔ قبل ازیں یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ظہران میں اقوام متحدہ کے دفتر پر راکٹ حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں عالمی ادارے کی عمارت کونقصان پہنچا ہے