ماسکو (آئی این پی) سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف نے خبردار کیا ہے کہ دنیا تیسری جنگ کے دہانے پر ہے، امریکی اور روسی صدر پنپنے والی عالمی جنگ کو روکیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر سابق سوویت یونین کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دنیا کو جنگ کے خوف سے نکالنا اہم ہے۔
فوجی اخراجات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، جبکہ خطرناک ہتھیاروں کی خریداری آسان ہوگئی ہے اور آج ایک آبدوز کے حملے میں آدھا براعظم تباہ کیا جاسکتا ہے۔گوربا چوف کے مطابق یورپ میں مزید فوج، ٹینک اور جدید ہتھیار آرہے ہیں۔ نیٹو اور روس کی فوجیں اتنے قریب ہیں جیسے پوائنٹ بلینک سے شوٹ کرنے کا ارادہ ہو، عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے خواہش مند تیار بیٹھے ہیں اور یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔میخائل گورباچوف نے خبردار کیا کہ عالمی طاقتوں کے تعلقات بد سے بدتر ہورہے ہیں اور ایٹمی حملے کاخطرہ حقیقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے کو روکا جائے، جبکہ اس معاملے پرٹرمپ اورپوٹن کو پہلا قدم اٹھاناچاہیے۔