واشنگٹن/لند ن /برلن (آئی این پی)امریکا میں نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد عالمی رہنماوں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ روسی وزیراعظم نے امریکا سے تعلقات میں بہتری کے لیے ہاتھ بڑھایا تو جرمنی کے وائس چانسلر نے عالمی برادری کو مشکل وقت سے خبردار کیا۔امریکا میں نئے صدر کی آمد پر جہاں مظاہرے ہورہے ہیں وہیں بیانات میں بھی ردِعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
روس کے وزیراعظم دمتری میدوی دوف نے کہاکہ ان کا ملک امریکا سے تعلقات بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیارہے۔جرمنی کے وائس چانسلر سگمر گیبریل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمنی اور یورپ کو مشکل وقت کے لیے تیار اور اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔برطانیہ کے وزیرخارجہ بورس جانسن نے پیغام میں کہاکہ ان کا ملک امریکا سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔میکسیکو کے صدر اینریک پینا نیٹو نے کہا کہ وہ مشترکہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ تعلقات مضبوط بنائیں گے۔کینیڈ اکے وزیراعظم جسٹن ٹرودو نے امریکا کے پینتالیس ویں صدر بننے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی۔نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا اور بھارت کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے وہ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں اور جانتے ہیں کہ مکمل تعاون کے نتائج کیا ہوں گے۔