نئی دہلی(آئی این پی)چین نے ایک مرتبہ پھر کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل قراردینے کے لئے بھارتی قرارداد کو روک دیا ہے ۔
جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے ایک مرتبہ پھر بھارت کی خواہشات کے خلاف مسعود اظہر کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے قرارداد کو مسترد کر دیا ہے ۔ یادرہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب مسعود اظہر کیخلاف اقوام متحدہ میں بھارتی قرارداد پر چین کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں ۔ چین نے موقف اپنایاکہ بھارت کی درخواست پر متضاد نظریات ہیں
۔بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے موجودہ صورتحال پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کا ردعمل مایوس کن ہے ۔ چین نے اس سے قبل رواں سال 31مارچ کو مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارتی قرارداد پر تکنیکی طور پر اعتراضات لگاتے ہوئے درخواست کو روک دیا تھا ۔بھارت نے مولانا مسعود اظہر پر الزام لگایا ہے کہ وہ پٹھانکوٹ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث ہیں ۔بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر کے خلاف قرارداد1267پیش کی گئی ہے ۔