بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک)چینی اور سعودی افواج نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ انسداد دہشت گردی کی مشقوں میں حصہ لیا۔ چینی میڈیا کے مطابق چینگ ڈو میں ہونے والی مشقوں میں سعودی عرب کی خصوصی فورسز اور چینی افواج نے ان مشقوں میں حصہ لیا ، مشقوں میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے ۔ تقریب میں سعودی افواج کے لیفٹیننٹ کرنل ولید اطالہی نے جنگی مشقوں میں حصہ لینے پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات دوستی اور بھائی چارے پر مبنی ہیں ۔ چین اور سعودی عرب کے درمیان ان مشقوں میں دونوں ممالک کے خصوصی دستوں کے پچیس پچیس اہلکار شریک تھے۔ یہ مشقیں10 اکتوبر سے شروع ہو کر دو ہفتوں تک جاری رہیں۔چینی دفاعی ماہرین دونوں ممالک کے مابین ہونے والی مشترکہ جنگی مشقوں کو دفاعی تعلقات کے فروغ میں ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں ۔