اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست اڑیسہ کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے کے باعث تئیس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔بھا رتی میڈیا کے مطا بق آگ لگنے کا یہ واقعہ بھونیشور شہر کے ایک نجی اسپتال میں پیش آیا، جہاں شار ٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں تئیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔ریاستی سیکریٹری ہیلتھ آرتی آہوجا کا کہنا تھا کہ مریضوں کی ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب انہیں دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا تھا، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔فائر سروسز کے ڈی جی پی بینوئے بیہیرا نے کہا کہ آتشزدگی کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوگی، تاہم بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آگ ہسپتال کے ڈائیلسس وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ایک فائر سروس افسر کا کہنا تھا کہ آگ انتہائی شدید تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے آئی سی یو تک پھیل گئی، جبکہ ہسپتال میں مریضوں کی موجودگی کے باعث آگ بجھانے کے لیے ہر طریقہ اختیار نہیں کیا جاسکتا تھا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔