گوا(این این آئی)روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ کمزورامریکا روس سے جنگ چاہتا ہے ،الزامات لگا کر امریکی حکام روس کے خلاف جنگ کے لیے ملک کو متحدکررہے ہیں،امریکا کی طرف سے روس کے خلاف سائبر حملوں کے الزامات دراصل داخلی مسائل سے امریکی ووٹروں کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی شہر گوا میں اپنی ایک نشریاتی پریس کانفرنس کے دوران پوٹن کا کہنا تھاکہ (امریکا میں) بہت زیادہ مسائل ہیں۔ پوٹن کا مزید کہنا تھاکہ اور اس طرح کے حالات میں ووٹرز کی اپنے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے آزمائے ہوئے طریقوں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ولادیمیر پوٹن نے امریکی حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ روس کو ایک ’’دشمن‘‘ کے طور پر پیش کر رہے ہیں تاکہ اس کے خلاف ’’لڑائی میں ایک ملک کو متحد‘‘ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ کارڈ بہت فعال طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔پوٹن نے اس معاملے پر گفت گو کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’’امریکا کی سیاسی زندگی میں اس مشکل وقت کے گزرنے کے بعد‘‘ ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات بہتر ہو جائیں گے۔