نئی دہلی(این این آئی) مودی سرکار نے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کے خلاف تنقید کرنے پر کانگریس پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف ’’سرجیکل‘‘سیاست شروع کردی ۔تفصیلات کے مطابق مودی مخالف بیان دینے پر کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ۔بھارتی میڈ یا رپورٹس کے مطابق راہول گاندھی نے دو روز قبل ایک تقریب میں کہا تھا کہ نریندر مودی بھارتی فوج کے خون کے پیچھے چھپ رہا ہے ۔اس بیان پر مودی سرکار نے ہنگامہ برپا کردیا اور راہول گاندھی پر غداری کے الزامات بھی عائد کیے ۔دوسری جانب سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت مانگنے پر کانگریس کے رہنما سنجے نروپم کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں ۔دھمکی آمیز کالز کے بعد سنجے نروپم کی اہلیہ گیتا نروپم نے نریندرمودی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے شوہر اور خاندان کو دھمکی آمیز کالیں موصول ہو رہی ہیں اس لیے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔