اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میں کم عمر میں پاکستان آیاتھا اور آج یہاں سفارت کے فرائض سرانجام دے رہا ہوں۔میرے والد نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ میں کبھی پاکستان کیلئے سفیر بنوں گا۔ وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ شورکوٹ میں موٹروے کے سیکشن فور(شورکوٹ سے ملتان)کی افتتاحی تقریب میں جاتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے سن وی ڈونگ کا کہنا تھا کہ 6 سال کی عمر میں پاکستان آیاتھا،آج میں یہاں سفیرہوں۔انہوں نے کہا کہ میرے والد نے سوچابھی نہیں ہوگاکہ کبھی انکابیٹاپاکستان میں سفارتی خدمات سرانجام دیگا اور دیکھیں آج میں یہاں سفیر ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرامشن ہے میں ساری عمرپاک چین دوستی کے لیے کام کروں۔چینی سفیر کے ان خیالات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی پاکستان سے محبت والہانہ ہے۔