بغداد(نیوزڈیسک)عراق کے سابق صدر صدام حسین کے معروف زمانہ نائب عزت الدوری نے باور کرایا ہے کہ اگر امریکی انتظامیہ عراق اور اس کے عوام کو ایرانی تسلط سے بچانے اور خون ریزی روکنے کے لیے حرکت میں نہ آئی تو عراق میں ایران اور اس کی ملیشیاو¿ں کی جانب سے جو کچھ کیا جارہا ہے اس کا ذمہ دار امریکا ہی ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق خصوصی وڈیو ٹیپ میں الدوری نے عرب ممالک کو پیغام دیا کہ وہ سعودی عرب کے زیرقیادت اتحاد کے پرچم تلے ایران کے سامنے صف آرا ہوجائیں۔الدوری نے کہاکہ یمن کے بحران سے نمٹنے کے واسطے مطلوبہ اقدامات کیے جائیں۔ ان میں ایران اور اس کے ایجنٹوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کو ماننے پر مجبور کرنا، آئینی حکومت کے سائے میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی نگرانی کے ذریعے قومی مکالمے کی کانفرنس سے حاصل نتائج پر عمل درامد کرنا، ایران کے ایجنٹوں کے تعاقب کو بڑھا کر ان کی تمام تر صلاحیتوں کو ختم کرنا شامل ہیں۔