برلن(نیوزڈیسک)دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ،تازہ ترین رینکنگ سامنے آگئی، غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے پاسپورٹ کو مسلسل تیسری بار سب سے زیادہ طاقتور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے کیونکہ جرمن پاسپورٹ پر بغیر ویزے کے سب سے زیادہ ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ طاقتور پاسپورٹ کی فہرست میں بہت سے یورپی ممالک کے ساتھ امریکا، جاپان اور کینیڈا شامل ہیں جبکہ جنوبی سوڈان اور فلسطین کا مقام اس فہرست میں افغانستان سے بھی نیچے ہے۔ بھارتی پاسپورٹ کو 48 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جرمنی کا پاسپورٹ حاصل کرنے لیے ضروری ہے کہ تارکین وطن کم از کم آٹھ برسوں سے قانونی طور پر جرمنی میں مقیم ہوں اور اس دوران وہ کسی بھی طرح کے جرم میں بھی ملوث نہ ہوں۔ انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہوتا ہے کہ وہ برسر روزگار ہیں اور اپنا گزر بسر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شہریت کے حصول کے لیے جرمن زبان کا ایک خاص معیار بھی درکار ہوتا ہے۔