اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یورپی یونین سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اڑتالیس ہزار پاکستانیوں نے یورپ میں پناہ کی درخواست دی، ان میں دو ہزار تین سو خواتین اور تین ہزار اٹھارہ سال سے کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔یورپ کو حالیہ دنوں میں پناہ گزینوں کے حوالے سے شدید بحران کا سامنا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال یونین کے اٹھائیس ممالک کو کل بارہ لاکھ سیاسی پناہ کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق اڑتالیس ہزار پاکستانی شہریوں نے بھی اس دوران سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں، جن میں سے دو ہزار تین سو خواتین اور تین ہزار اٹھارہ سال سے کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال صرف اگست کے مہینے میں نو ہزار پاکستانیوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دیں۔سیاسی پناہ کے لئے سب سے زیادہ پندرہ ہزار درخواستیں ہنگری میں دی گئیں جبکہ اٹلی پاکستانی تارکین وطن کی دوسری پسندیدہ منزل رہا جہاں دس ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جرمنی ساڑھے سات ہزار درخواستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔