قاہرہ (نیوز ڈیسک) جزان کے ہسپتال میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان قربان کرکے 10افراد کی زندگیاں بچانیوالے مصری شہری کے خاندان کو سعودی بادشاہ شاہ سلمان کی طرف سے سعودی حکومت نے 10لاکھ ریال (دوکروڑ اسی لاکھ روپے تقریباً) دیئے ہیں اور خاندان کو حج کرانے کے بھی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیک دینے کی تقریب مصر کے دارلحکومت قاہرہ میں سعودی سفیر احمد بن عبدالعزیز قطان کی رہائش گاہ پر ہوئی ، تین بچوں کی ماں اورجان قربان کرنیوالے مصری شہری کی اہلیہ کو چیک دیتے ہوئے نائب وزیرصحت حماد الدھویلیانے کہاکہ یہ رقم اس شخص کی قربانی پر ایک اعزاز ہے اور شاہ سلمان ،ولی عہد محمد بن نائف اور نائب ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر سعودی حکام کی طرف سے متاثرہ فیملی کیساتھ اظہارتعزیت بھی کیا۔ اْن کاکہناتھاکہ مصری شہری نے دوسروں کی زندگی کیلئے اپنی زندگی قربان کر کے لازوال مثال قائم کردی اور رواں سال متاثرہ خاتون اور بچوں کو حج کرانے کے بھی انتظامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر عرب لیگ کے مستقل مندوب اور سعودی سفیر قطان کے ہمراہ امیگریشن کی وزیرنبیلامکرام بھی موجود تھیں۔مکرام نے متاثرہ فیملی کیلئے اقدامات کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ اداکیا۔یادرہے کہ ہسپتال میں آتشزدگی سے 24افراد جاں بحق اور 123زخمی ہوگئے تھے۔