موغا دیشو(نیوز ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں ہوٹل پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 14افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہوٹل پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے سب سے پہلے ہوٹل کے گیٹ پر کار بم دھماکا کیا اور پھر ہوٹل کے اندر داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جب کہ دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر4 دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں چاروں حملہ آورمارے گئے جب کہ حملے میں زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔