نئی دہلی(نیوز ڈیسک)کشمیری رہنما افضل گورو کی پھانسی کی سزا صحیح تھی یا غلط،سابق بھارتی وزیر داخلہ اور سینئر کانگریس رہنما پی چدم برم بھی بول پڑے۔پی چدم برم کہتے ہیں کہ افضل گورو کے پارلیمنٹ حملے میں ملوث ہونے پر شکوک و شہبات تھے، افضل گورو کیس سے متعلق فیصلہ درست نہیں ہوا، پھانسی کے بجائے عمر قید کی سزا سنائی جاسکتی تھی۔2001ء میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے نے ہر طرف ہلچل مچادی،اسی حملے کے لیے کشمیری شہری افضل گورو کو قصور وار ٹھہرا کر پھانسی کی سزا سنائی گئی اور 2013ء میں انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، اس سزا کے خلاف نہ صرف کشمیر میں احتجاج ہوا، بلکہ وقتاً فوقتاً کچھ بھارتی حلقوں سے بھی اس سزا کے خلاف آوازیں سنائی دیں۔