الریاض(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک شامی عوام کی امنگوں کو پورا ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔جرمن ٹی وی کے مطابق انھوں نے یہ بات روسی صدر ولادی میر پیوٹین سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کے بعد کہی ۔ صدرپیوٹین نے انھیں امریکا اور روس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے سمجھوتے کی تفصیل سے آگاہ کیا ۔شاہ سلمان نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ وہ شامی تنازعے کا جنیوا اوّل اعلامیے کے مطابق سیاسی حل چاہتے ہیں اور اس کی حمایت کریں گے۔ خادم الحرمین الشریفین نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران تمام حاجت مند شامیوں تک امداد پہنچنے کی ضمانت دی جانی چاہیے۔قبل ازیں روسی صدر ولادی میر پیوٹین نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر شام کی صورت حال پر بات چیت کی اور انھیں امریکا اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی سے متعلق طے پائے سمجھوتے کی تفصیل سے آگاہ کیا۔کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا نے اس سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے اور روس کے ساتھ مل کر اس کو عملی جامہ پہنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ دونوں لیڈروں نے اس سلسلے میں روابط جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔کریملن کے بیان کے مطابق روسی صدر نے اپنے شامی ہم منصب بشارالاسد سے بھی جنگ بندی کے اس سمجھوتے سے متعلق بات چیت کی ہے اور انھوں نے اس کو قبول کرنے اور اس کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔شامی صدر کا کہنا تھا کہ اس سمجھوتے سے تنازعے کی سیاسی حل کی راہ ہموار ہوگی۔ولادی میر پوتین نے ایرانی قیادت سے بھی اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔