الریاض(نیوز ڈیسک)ترکی کے ایک ہواباز کی مشترکہ فضائی مشقوں کے دوران سعودی عرب کے لڑاکا فوجیوں کے ہمراہ لی گئی ایک سیلفی نے ایک سوشل میڈیا پرغیرمعمولی پذیرائی حاصل کی ہے جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پرایک نئی بحث چھڑ چکی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حال ہی میں ترکی کے ایف سولہ جنگی طیارے کے ایک پائلٹ نے سعودی فوجیوں کے ہمراہ بنائی سیلفی مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کر دی ، جس کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں اسے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی وہیں بعض حلقوں میں اسے تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ترک اخبار کے مطابق پائلٹ نے یہ سیلفی اناطولیہ ریاست کے وسطی علاقے قونیہ میں ہونے والی فوجی مشقوں کے دوران اس وقت لی تھی جب سعودی عرب اور ترکی کے فضائی دستوں کی مشقیں جاری تھیں۔ بعد ازاں یہ تصوریر ترکی کے دفاعی تجزیہ نگار میتین گورسان نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پائلٹ کی جنگجوؤں کے ہمراہ سیلفی ریاض اور انقرہ کے درمیان گہرے تعلقات بالخصوص فوجی شعبے میں باہمی تعاون کا واضح ثبوت ہے۔عسکری ذرائع کے مطابق 15 سے 19 فروری تک قونیہ میں جاری رہنے والی فوجی مشقوں میں سعودی عرب کے پانچ ایف پندرہ جنگی طیاروں نے حصہ لیا تھا۔