نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد19 ہوگئی ہے۔بھارتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست ہریانہ کے ڈپٹی چیف سیکریٹری پی کے داس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد19 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2 سو افراد ذخمی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس تنازع کی وجہ سے گذشتہ روز سے مرکزی داراحکومت نئی دہلی میں پانی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہریانہ کے متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ زندگی کومعمول پر لیاجا سکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مختلف علاقوں میں کرفیو تاحال نافذ ہے تاہم چند اضلاع سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے۔ پی کے داس نے کہا کہ جاٹ برادری وفاقی اور ریاستی سطح پر یونیورسٹی میں داخلوں اور ملازمتوں کے حصول میں حکومتی مراعات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعدجاٹ برادری نے جمعہ کو مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا تھا