ریاض(نیوزڈیسک)خلیج تعاون کونسل نے سعودی عرب کی جانب سے لبنان کےساتھ تعلقات پرنظرثانی کرتے ہوئے لبنانی فوج اور داخلی سلامتی کے اداروں کی امداد بند کرنے کی حمایت کا اعلان کردیا،عرب ٹی وی کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیابی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کونسل کے تمام ممبر ممالک نے لبنان کی فوجی امداد بند کرنے کے سعودی عرب کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔لبنان کی فوجی امداد بند کرنے کا مقصد کسی عرب ملک کو تنہا کرنا ہرگز نہیں مگر لبنان کے عرب ممالک کے اجتماعی فیصلوں سے باہر رہنے کی وجہ سے سعودی عرب کو حالیہ اقدام اٹھانا پڑا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیروت کا موقف اور اس کی پالیسی خلیج۔ لبنان تعلقات کے حوالے سے ہم آہنگی نہیں رکھتی۔ اس کے باوجود سعودی عرب اور دوسرے خلیجی ملکوں کی جانب سے لبنانی عوام کی مدد جاری رکھی جائے گی۔ڈاکٹر زیانی نے کہا کہ انہیں لبنانی حکومت کے بعض حالیہ فیصلوں پر افسوس ہے کیونکہ بیروت حکومت عرب اقوام میں قومی سلامتی کے بجائے غیرعلاقائی قوتوں سے قربت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیروت حکومت کا یہ طرز عمل لبنانی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں اور نہ ہی اسے عرب ممالک کی اجتماعی پالیسی کا عکاس قرار دیا جا سکتا ہے۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ لبنانی حکومت اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے عرب ممالک سے یکجہتی کے اصولوں کی پاسداری کرے گی اور عرب ممالک کے مشترکہ مقاصد کے تحت اپنا آگے کا سفر جاری رکھے گی۔