دمشق(آئی این پی)دنیا کی دولت مند ترین انتہاء پسند تنظیم سمجھی جانے والی داعش دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ، شدت پسند گروپ کے پاس تنخواہیں ادا کرنے کے پیسے بھی نہیں ہیں،داعش نے اپنے جنگجوؤں کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنا شروع کر دی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق کچھ عرصہ قبل تک اپنے جنگجوؤں کو پرکشش تنخواہیں اور دیگر مراعات ادا کرنے والی تنظیم داعش نے اب اپنے جنگجوؤں میں مشروب اور چاکلیٹس تقسیم کرنا بھی بند کر دی ہیں۔ شدت پسند تنظیم نے الرقہ کے رہائشیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بل امریکی ڈالر میں ادا کریں اور کسی بینک میں جمع کروانے کی بجائے تنظیم کو ادا کریں جبکہ مغویوں کو پانچ سو ڈالر تاوان کے عوض بھی رہا کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔