بارسلونا(نیوزڈیسک)سپین کی وفاقی کابینہ نے جمعہ کے روز سپین کی شہریت کے حصول کے نئے قوائد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد اب سپین میں مقیم تارکین وطن، انٹرنیٹ کے ذریعہ اپنی شہریت کی درخواست جمع کروا دیں گے۔ کابینہ اجلاس کے بعد وزیر انصاف رافاعیل کاتالا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ، نئے طریقہ کار سے سپین کی شہریت کے حصول کے خواہشمند افراد کو تمام عمل مکمل کرنے میں آسانی ملے گی۔ سپین میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ افراد شہریت کی درخواست دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ۔ اس نئے طریقہ کار سے تمام عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔ اس وقت ایک درخواست کنندہ کو کم از کم 3 سال کا عرصہ سپینش شہریت حاصل کرنے میں لگ جاتا ہے۔ وزیر انصاف کے مطابق اس نئے طریقہ کار برائے حصول شہریت سپین سے، حکومت سپین کے اندرونی اخراجات میں 50 لاکھ یورو کمی آئے گی۔