نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے ممبئی کے مشہور شینا بورا قتل کیس میں میڈیا کی معروف شخصیت پیٹر مکھرجی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ۔بھارتی میڈیاکے مطابق شینا بورا قتل کیس میں پیٹر مکھرجی کی اہلیہ اندرانی مکھرجی پہلے ہی اہم ملزم ہیں جبکہ اب میڈیا کی معروف شخصیت پیٹر مکھرجی کو بھی اس کیس میں ملزم نامزد کر دیا گیا ہے۔پیٹر مکھرجی بھارت میں روپرٹ مرڈوک کے سٹار نیٹ ورٹ کے سی ای او تھے اور انھیں گذشتہ نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔انھوں نے اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ وہ اب بھی اپنے پہلے بیان پر قائم ہیں کہ ان کا اس قتل سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔اندرانی مکھرجی، ان کے ڈرائیور شیامور رائے اور ان کے سابق شوہر سنجیو کھنّہ پر اندرانی کی بیٹی شینا بورا کا قتل کرنے کا الزام ہے۔24 سالہ شینا بورا 2012 میں اچانک غائب ہو گئی تھیں اور پھر ضلع رائے گڑھ میں ایک لاش ملی تھی۔فورینسک تحقیقات کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ وہ لاش شینا بورا ہی کی تھی۔اس معاملے میں جب نومبر 2015 میں پیٹر مکھرجی کو گرفتار کیا گیا تھا اس وقت سی بی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ شینا کے قتل میں پیٹر کا اہم کردار رہا ہے۔تفتیش کرنے والے حکام کے مطابق اپنی گرفتاری کے وقت پیٹر اندرانی سے فاصلہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔سی بی آئی کے مطابق تفتیش کے دوران پیٹر نے اندرانی کے ساتھ برطانیہ اور بھارت میں سرمایہ کاری کی معلومات تو فراہم کیں لیکن پیسہ کن ذرائع سے آیا، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔پیٹر مکھرجی پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے شینا کے قتل کے بعد ان کے پرس سے ملنے والے موبائل فون اور دیگر چیزیں ضائع کر دی تھیں۔اس سنسنی خیز قتل معاملے کی تفتیش ممبئی کے اس وقت کے پولیس کمشنر راکیش ماریا کر رہے تھے۔ بعد میں مہاراشٹر حکومت نے تفتیش کی ذمہ داری سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔