ماسکو(نیوز ڈیسک)روسی وزیردفاع سیرگی شویگو نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایرانی ہم منصب حسین دھقان کے ہمراہ ماسکو میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیردفاع نے کہا کہ ماسکو اور تہران مشترکہ چیلنجز سے نمٹے کے لیے فوجی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔حسین دھقان سے ملاقات کے بعد میڈٰیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیرگی شویگو نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ ایرانی وزیردفاع سے ملاقات روس اور ایران کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ میں مدد گار ثابت ہو گی‘‘۔دونوں وزراء کی جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دوطرفہ فوجی تعاون کے بتدریج فروغ کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ مسٹر شویگو کا کہنا تھا کہ روس اور ایران علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔ بالخصوص مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ #/s#