لندن(نیوز ڈیسک)برطانوی وزیر اعظم نے کہاہے کہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور فرانسیسی صدر فرانسو اولاندے کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ یورپی یونین میں برطانیہ کی ممبرشپ کے لئے اصلاحات کا خاکہ ایک مضبوط بنیاد ہے اور اس پر رواں ہفتے کے دوران معاہدہ کر لیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ پر موجود ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ “دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ برطانیہ سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت جاری ہے اور یورپین کونسل کی جانب سے فراہم کئے جانے والے مسودے کے متن پر رواں ہفتے کے دوران معاہدہ کیا جاسکتا ہے۔اس بیان سے قبل ایک فرانسیسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ “برطانیہ کو 28 رکنی یورپی یونین سے علاحدگی سے روکنے کےلئے مزید کام خصوصا معاشی گورننس مِیں بہتری کی ضرورت ہے تاکہ یورپی یونین کے رکن ممالک برطانیہ کو بلاک میں رہنے پر آمادہ کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے سکیں۔برطانیہ یورپی یونین کی کرنسی یورو کو استعمال نہیں کرتا ہے اور وہ اس بلاک میں اپنی رکنیت کی شرائط پر تبدیلی چاہتا ہے تاکہ اسے یورو زون کی حفاظت کےلئے قائم فنڈ میں رقم نہ دینا پڑے۔